اسلام آباد :(ویب رپورٹر/یاسین ملک),اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا اور مجبورکیا کہ ملک سے چلے جاؤ، دبئی سے ارشد شریف کو زبردستی نکالے جانےکی بات درست نہیں ہے، میرے خیال سے ارشد شریف کی موت کوئی حادثہ نہیں تھا، میرے خیال میں ارشدکو گاڑی کے اندر سے مارا گیا، انہیں صرف دو گولیاں لگیں، ارشد شریف کو سینے اور سر پر جو دو گولیاں لگیں، وہ لانگ رینج سے نہیں چلائی گئیں، جو دو گولیاں لگیں، وہ قریب سے چلائی گئیں۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی موت قتل ہے، جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، ارشد شریف کا نہ موبائل ملےگا، نہ لیپ ٹاپ ملےگا، شواہد مٹا دیےگئے ہیں، کہا گیا کہ ارشد شریف لندن چلا گیا، لیکن وہ لندن نہیں گیا، ارشد شریف کے لیےکینیا کے انتخاب کے پیچھے وہ لوگ ہیں، جو ملک توڑنا چاہتے ہیں، اگر میرا چیئرمین کچھ بتائے تو میں 99 فیصد یقین کروں گا، ویسے ہی ارشد کو جو شخص کچھ بتا رہا تھا، وہ اس پر یقین کر رہا تھا۔
انہوں نےکہا کہ عمران خان جو پرامن مارچ کرنے جارہے ہیں یہ ہمارا جمہوری حق ہے، لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، لاشوں اور خون کا کھیل اس ملک میں بند ہونا چاہیے، ارشد شریف کو جو مقاصد بتائےگئے ان کے پیچھے سازش تھی، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے پاکستان میں موجود ہیں اور انٹرنیشنلی کنکٹڈ ہیں، لانگ مارچ کے بیانیےکی آڑ میں سازش رچائی جارہی ہے، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں، عوام ہرچیز پر لبیک کہیں لیکن کسی اور کے لیے بے گناہ موت نہ مریں، پر امن احتجاج کی آڑ میں بہت سارا خون بہتا دیکھ رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آخری دن تک ارشد شریف سے رابطے میں تھا، موبائل فون کے فارنزک کے لیے تیار ہوں، ارشد شریف کو پاکستان میں کہیں سے کوئی خطرہ نہیں تھا، ارشد شریف کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ پازیٹو تعلق تھا، میں نے ویڈیو بنا کر نام دے دیے ہیں، ویڈیو میں جن لوگوں کے نام بتائے، مجھے کچھ ہوا تو وہ لوگ بھی نہیں بچیں گے۔