پاکستانتازہ ترین

دورہ جنوبی افریقہ،ٹیم کے ریڈ اور وائٹ بال اسکواڈز کا اعلان

دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان کے ریڈ بال اور وائٹ بال کے اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے، ٹیسٹ اسکواڈ میں محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے جب کہ شاہین آفریدی کو صرف وائٹ بال اسکواڈ میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی جس کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سیریز کا آغاز 10 دسمبر کو ڈربن میں پہلے ٹی20 انٹرنیشنل سے ہوگا، پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو پارل میں ہوگا جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں فاسٹ باؤلر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے، سفیان مقیم کی پہلی بار ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت ہوئی ہے، انہیں زمبابوے کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عباس نے آخری بار اگست 2021 میں جمائیکا میں ٹیسٹ کھیلا تھا، وہ اب تک 25 ٹیسٹ میں 90 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ موجودہ قائد اعظم ٹرافی کے 5 میچوں میں 31 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سابق کپتان بابراعظم، وائٹ بال کپتان محمد رضوان، نائب کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب کو تینوں فارمیٹس کے اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے جب کہ نسیم شاہ کو ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ورک لوڈ منیجمنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کو صرف وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 19 وکٹیں لینے والے آف اسپنر ساجد خان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، سلیکٹرز نے جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف ایک اسپیشلسٹ اسپنر نعمان علی کا انتخاب کیا ہے۔

نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں اور وہ 17 ٹیسٹ میں 67 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ انہیں اکتوبر کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بھی قرار دیا گیا تھا۔

قومی ٹیم کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی 13 دسمبر کو جوہانسبرگ پہنچ کر ٹیسٹ سیریز کے کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button