سعودی عرب نے سیاہی سوکھنے سے قبل ہی معاہدوں پر عملدرآمد شروع کر دیا: وزیر اعظم شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی ان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ سعودی ولی عہد کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات کے بعد، وزیر اعظم نے مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا فیوچر انویسٹمنٹ اینیشیٹو ایک ویژنری منصوبہ ہے، جس کا حصہ بننے کا موقع ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اپنی فکر کا اعادہ کیا اور آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں تعاون پر شکریہ ادا کیا، جس کے بغیر پاکستان اس پروگرام کو حاصل نہیں کر سکتا تھا۔

وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا اور ملک سعودی عرب کی مدد سے معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں حالیہ معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل کچھ منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کی 25 لاکھ پاکستانیوں کی شاندار میزبانی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان مزید ہنر مند افراد تیار کرے گا جو سعودی عرب کے ترقیاتی پروگرام میں کردار ادا کریں گے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے دورہ پاکستان کے دوران 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق کیا گیا۔ْ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.