اسلام آباد: نگران وزیر اعظم کی تقرری کے معاملے پر مشاورت کیلئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض وزیر اعظم شہباز شریف سے ملنے پی ایم ہاؤس پہنچ گئے۔
وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان ملاقات جاری ہے جس میں نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے۔
ملاقات کے دوران نگران وزیراعظم کیلئے دونوں جانب سے تین، تین ناموں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تین نام لیکر آیا ہوں: راجہ ریاض
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر صحافی نے سوال کیا کہ راجہ صاحب کتنے نام لیکر آئے ہیں جس پر راجہ ریاض نے جواب دیا کہ تین نام لایا ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد اتحادی حکومت ختم ہوگئی تاہم نگران وزیراعظم کی تقرری تک آئینی ضرورت کے تحت شہباز شریف وزیر اعظم کے فرائض منصبی انجام دیتے رہیں گے۔
وزیراعظم کا اپوزیشن لیڈر کو خط
قبل ازیں نگران وزیر اعظم کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو مشاورتی عمل شروع کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔
وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ آپ کو علم ہے صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے، نگران وزیر اعظم کا تقرر کیا جانا مقصود ہے، آئین کی پاسداری کرتے ہوئے آپ کو مشاورت کی دعوت دیتا ہوں۔
خط میں وزیر اعظم شہباز شریف نے آئین کے آرٹیکل 224 کا حوالہ بھی دیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا خط اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو موصول ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 3 دن تک مشاورت ہوسکتی ہے، نگران وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے مجموعی طور پر 8 دن کی مدت ہوتی ہے۔