خیبر: ضلع خیبر کے علاقہ جمرود میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی علی مسجد کے علاقے میں مسجد کے اندر خود کش دھماکا ہوا، اس دوران ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہو گئے۔
پولیس نے بھی ایڈیشنل ایس ایچ او کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس
سی سی پی او پشاور اشفاق انور نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں واقع خود کش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر ایڈیشنل ایس ایچ او اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی تو حملہ آور ان کو دیکھ کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا اور اسی دوران حملہ آور مسجد کے اندر چلے گئے اور وہاں اس نے خود کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔
دوسری طرف سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ضلع خیبر میں 20 جولائی کو باڑہ بازار کے تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکے سے 3 افراد شہید ہوگئے تھے اور پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کی جانچ کر رہے ہیں۔
دھماکے سے متعلق آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات نے بتایا تھا کہ کمپاؤنڈ پر 2 خودکش بمباروں نے حملہ کیا تھا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلےکی کوشش کی۔