سابق پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے طلاق لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک مختصر بیان میں عماد وسیم نے کہا، "طویل سوچ بچار اور حل نہ ہونے والے اختلافات کے بعد، میں نے طلاق کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔”
بھارت کے ساتھ سب برابری کی سطح پرہوگا، وہ ہینڈشیک نہیں کرنا چاہتےتو ہمیں بھی شوق نہیں: محسن نقوی
انہوں نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی کہ وہ اس ذاتی مرحلے میں ان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ "براہ کرم ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔ پرانی تصاویر شیئر کرنے یا میرے سابقہ رشتے کا حوالہ دینے سے گریز کریں۔” عماد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ "بے بنیاد اور گمراہ کن افواہوں پر یقین نہ کیا جائے اور نہ ہی انہیں پھیلایا جائے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر بدنام کرنے یا کسی تیسری فریق کو شامل کرنے کی کسی بھی کوشش کا قانونی راستے سے جواب دیا جائے گا۔
اپنے بچوں کے بارے میں کرکٹر نے کہا، "میں اپنے بچوں کا باپ ہوں اور ان کی دیکھ بھال اور ذمہ داری پوری طرح نبھاؤں گا۔”
واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ اس سے قبل ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر کچھ مبہم پوسٹس کی تھیں، جنہیں خاندانی کشیدگی کی علامت سمجھا جا رہا تھا۔
عماد وسیم نے گزشتہ برس دسمبر 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 ایک روزہ اور 75 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے اور کئی یادگار اننگز کھیل کر شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔