**پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں بنگلا دیش کو 74 رنز سے شکست دے دی**
میرپور میں کھیلے گئے تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو 74 رنز سے ہرادیا۔
بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ حسن نواز نے 33، محمد نواز نے 27 اور صائم ایوب نے 21 رنز بنائے۔
بنگلا دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 اور نسیم احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم صرف 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے محمد سیف الدین 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
میچ میں دونوں ٹیموں نے تبدیلیاں کیں — بنگلا دیش نے اپنی پلئینگ الیون میں 5 جبکہ پاکستان نے 2 تبدیلیاں کیں۔ قومی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کو شامل کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس میچ سے قبل بنگلا دیش کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل تھی۔