ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے اور جلد تمام معاملات حل ہو جائیں گے، ایشیا کپ کے حوالے سے بھی جلد اعلان متوقع ہے۔

اے سی سی کا سالانہ اجلاس ڈھاکا میں اختتام پذیر ہو گیا، جس کے بعد محسن نقوی نے اجلاس میں شریک تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی شاندار میزبانی پر شکر گزار ہوں۔ ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اجلاس میں اے سی سی کے تمام 25 ممبران نے شرکت کی، جس کے لیے میں سب کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دو دن انتہائی یادگار رہے، اجلاس خوشگوار ماحول میں ہوا، کسی قسم کی سیاست کی گنجائش نہیں تھی۔ ایشیا کپ سے متعلق جلد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا، یہ سب ٹیم ورک ہے، ہم ایسی مثبت ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ڈھاکا نہیں آ سکے، جیسا کہ میں بھی سنگاپور نہیں جا سکا تھا، شیڈول کے باعث ایسا ہوتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ تمام اہم ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی مختلف امور پر بات چیت جاری ہے، جلد خوشخبری ملے گی، بس اعلان کا انتظار کریں۔
