ایس این جی پی ایل آل پاکستان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ، عرفان سعید،عمارہ اشتیاق نے جیت لیا

سوئی ناردرن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2025 کی شاندار اختتامی تقریب،ملک بھر سے ممتاز ٹیموں کی شرکت

0

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے زیر اہتمام پہلا آل پاکستان رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2025 شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ لاہور میں منعقدہ اس مقابلے میں ملک بھر سے نمایاں ٹیموں نے شرکت کی، جن میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر، پاکستان آرمی، واپڈا، پولیس، ریلوے، پی او ایف واہ اور میزبان سوئی ناردرن گیس کی ٹیمیں شامل تھیں۔

مقابلوں کے نتائج کے مطابق مینز سنگلز کیٹیگری میں عرفان سعید نے فائنل میں عمدہ کارکردگی دکھا کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ محمد علی لاروش رنر اپ قرار پائے۔ ویمنز سنگلز میں عمارہ اشتیاق نے کامیابی حاصل کی اور الجا طارق دوسرے نمبر پر رہیں۔

مینز ڈبلز مقابلوں میں راجہ ذوالقرنین اور محمد علی لاروش کی جوڑی نے میدان مارا جبکہ عامر سعید اور محمد عدنان کو رنر اپ ٹرافی ملی۔ ویمنز ڈبلز میں غزالہ صدیق اور عمارہ اشتیاق نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ زبیرہ اسلام اور عمامہ عثمان دوسرے نمبر پر آئیں۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) سوئی ناردرن گیس، جناب ثاقب ارباب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پریذیڈنٹ سپورٹس و سینئر جنرل مینیجر امتیاز محمود اور وائس پریذیڈنٹ/ جنرل مینیجر محمد ارشد بھی موجود تھے۔

جناب ثاقب ارباب نے اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، لگن اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ سوئی ناردرن گیس مستقبل میں بھی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسے باوقار کھیلوں کے مقابلوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.