پاکستان سپورٹس بورڈ نے "پاکستان” کے نام کے غیر قانونی استعمال پر قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (17 جون 2025) — پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن کی جانب سے "پاکستان” کے نام کے غیر قانونی استعمال پر سخت کارروائی کرتے ہوئے طارق پرویز کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا ونگ کے مطابق، یہ ادارہ بغیر کسی پیشگی یا باقاعدہ منظوری کے اپنے کاموں اور تشہیری سرگرمیوں میں "پاکستان” کا نام استعمال کر رہا ہے، جو نہ صرف پاکستان سپورٹس بورڈ کے آئین بلکہ ملکی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں قومی سپورٹس فیڈریشنز کے الحاق اور نمائندگی کا واحد مجاز ادارہ ہے، اور اس کے بغیر کسی بھی تنظیم کو پاکستان کی نمائندگی کا حق حاصل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان” کے نام کا غیر قانونی استعمال کھلاڑیوں، اسپانسرز، اور عوام کو گمراہ کن پیغام دیتا ہے اور اس سے تنظیم کی سرکاری حیثیت کے حوالے سے غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں، جو ملکی کھیلوں کے نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے واضح کیا ہے کہ متعلقہ تنظیم کو فوری طور پر اپنے نام اور تمام تشہیری مواد سے "پاکستان” کے الفاظ ہٹانے ہوں گے اور ایسی تمام اشاعتیں، سائن بورڈز، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا مواد واپس لینا ہوں گے جو پی ایس بی یا حکومت پاکستان سے تعلق کا تاثر دیتے ہوں۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سات دن کے اندر تحریری وضاحت اور عمل درآمد کی تصدیق کی جائے ورنہ قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں متعلقہ عدالتوں، پی ٹی اے اور ایف آئی اے سے رجوع کرنا بھی شامل ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ قانونی حدود کا احترام کریں اور ملک کے کھیلوں کے نظام کو بدنامی سے بچائیں۔