ڈراما انڈسٹری لڑکیوں کے لیے محفوظ نہیں: ریحام رفیق

0

کراچی(نیوز ڈیسک)ابھرتی ہوئی اداکارہ، و ڈانسر ریحام رفیق نے کہا ہے کہ ڈراما انڈسٹری لڑکیوں کے لیے محفوظ جگہہ نہیں ہے، آنے کی خواہش رکھنے والی لڑکیوں کو پہلے سے ہی انڈسٹری میں پیش آنے والے ممکنہ خطرات سے متعلق خبردار رہنا چاہیے۔
ڈان نیوز کے مطابق ریحام رفیق نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ڈراما انڈسٹری میں اداکاراؤں کے درمیان نمبر ون کا مقابلہ رہتا ہے لیکن بعض اداکارائیں مقابلہ کرنے کے بجائے منفی رویوں میں مبتلا ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی سے مقابلہ نہیں کیا، نہ وہ کسی سے اپنا موازنہ کرتی ہیں، البتہ انہوں نے دیکھا ہے کہ بعض اداکارائیں دوسری اداکاراؤں سے جلتی ہیں، جس وجہ سے ماحول بھی خراب ہوتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ انسٹاگرام پر تیاری یا منصوبہ بندی کرکے ریلز شیئر نہیں کرتیں، انہیں بعض ریلز پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے لیکن وہ ایسی باتوں پر توجہ نہیں دیتیں۔
شادی سے متعلق سوال پر ریحام رفیق نے کہا کہ شادی کرنے سے ان کے کیریئر پر کوئی فرق نہیں پڑا، ان کے شوہر اور سسرالی بہت اچھے ہیں، ان پر کسی طرح کی کوئی پابندیاں نہیں۔
اداکارہ کے مطابق شوہر اور ساس نے نہ صرف انہیں اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی آزادی دے رکھی ہے بلکہ وہ ان کا خیال بھی رکھتے ہیں، چھٹی والے دن انہیں آرام کرنے کا کہتے ہیں۔
ریحام رفیق کا کہنا تھا کہ شادی سے ان کی زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑا، جیسے ان کی زندگی پہلے تھی، ویسی ہی شادی کے بعد ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے تسلیم کیا کہ ڈراما انڈسٹری لڑکیوں کے لیے محفوظ جگہ نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.