پرورش“ کے کرداروں کے اہم حقائق، بختاور مظہر اور نذر الحسن کی زبانی
ڈرامہ میں مایا (عیناآصف) اور ان کے والدین کے درمیان تعلقات کی کہانی پیش کی گئی ہے
(نیوز ڈیسک)ڈرامہ ”پرورش“ والدین اور بچوں کے درمیان نسل کے فرق اور ایک دوسرے کی سمجھ بوجھ کے ذریعے اس کو ختم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
پرورش کی کہانی ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے جس میں مایا (عیناآصف) اور اس کے والدین نذر الحسن اور بختاور مظہر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مایا کے والد شہیر کا کردار ایک سخت گیر، روایتی والد کا ہے جو اپنی بیٹی کی زندگی کے بارے میں بہت فکر مند ہے۔ ان کی نظر میں، مایا کو جلد شادی کرنا چاہیے تاکہ اگر وہ زندگی کی مشکلات کا سامنا کریں، تو ان کا خاندان محفوظ رہے۔
دوسری طرف، مایا کی والدہ، سعدیہ (بختاور مظہر) ایک نرم دل ماں ہیں جو اپنی بیٹی کی زندگی میں اتنی زیادہ دخل اندازی نہیں کرنا چاہتیں، لیکن ان کے درمیان توازن اور سمجھ بوجھ کی کمی ہوتی ہے۔
نذر الحسن اور بختاور مظہر نے ”پرورش“ میں والدین کے کرداروں کو ادا کرنے کے دوران اپنی ذاتی زندگی میں جو تبدیلیاں محسوس کیں، ان پر بھی بات کی۔
نذر الحسن نے کہا کہ وہ چار بیٹوں کے والد ہیں اور ہمیشہ سخت زندگی گزار چکے ہیں، مگر ”پرورش“ کے ذریعے انہیں احساس ہوا کہ انہیں اپنی زندگی میں مزید نرمی لانی چاہیے۔
جبکہ بختاور مظہر جو دو بیٹیوں کی ماں ہیں، نے کہا کہ وہ ہمیشہ سمجھتی تھیں کہ وہ ایک اچھی ماں ہیں اور اپنی بیٹیوں کے مسائل سے واقف ہیں، مگر ”پرورش“ میں سعدیہ کا کردار ادا کرنے کے بعد انہیں جنریشن زی کے مسائل اور چیلنجز کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔
سیریز“پرورش“ کو ناظرین میں بے حد پسند کیاجارہا ہے کیونکہ اس نے ایک ایسے مسئلے کو اجاگر کیا ہے جو معاشرتی سطح پر بہت اہم ہے، یعنی والدین اور بچوں کے درمیان فرق۔
اس ڈرامے نے ناظرین کو یہ سوچنے پر مجبور کیا ہے کہ والدین کو اپنے بچوں کی زندگیوں میں زیادہ دخل اندازی کرنے کے بجائے، انہیں خود اپنی زندگی کے فیصلے کرنے کا موقع دینا چاہیے۔