پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا
پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا
اسلام آباد: پاکستان میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس کے لیے اسپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیراطلاعات عطا تارڑ نے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کے ہمراہ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا ۔
فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا دور 60 منٹ کے لیے ہوگا جبکہ بولی کے لیے اہل تینوں ٹیلی کام کمپنیاں (جاز، زونگ اور یوفون) اس نیلامی میں حصہ لے رہی ہیں ۔ نیلامی الیکٹرانک نظام کے ذریعے ہو رہی ہے اور شفافیت کے لیے اسے براہ راست نشر کیا جا رہا ہے ۔
پاکستان میں توانائی بحران کا خدشہ ختم، پیٹرول سے بھرے جہاز پورٹ قاسم پہنچنا شروع
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ فائیو جی کی نیلامی کے حوالے سے حکومتی کوششیں آج کامیاب ہوئیں اور حکومت نے اس کے لیے مکمل ایکو سسٹم تیار کیا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بلاک چین اور اے آئی جیسی نئی ٹیکنالوجی کی صنعتوں کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ اسپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور کنیکٹیویٹی مزید بہتر ہوگی ۔
نیلامی کے بعد فائیو جی سروسز ابتدائی طور پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں شروع کی جائیں گی ۔