ایکس میں صارفین کو کمانے میں مدد فراہم کرنیوالے نئے فیچرز متعارف
ایکس میں صارفین کو کمانے میں مدد فراہم کرنیوالے نئے فیچرز متعارف
ایلون مسک کے زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) نے صارفین کو آمدنی کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے کئی نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے کریٹر سبسکرپشنز کے حوالے سے چند نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں ایک اہم فیچر "ایکسکلوسیو تھریڈز” ہے۔ یہ بنیادی طور پر ایک سبسکرپشن پے وال ہے جس کے تحت صارفین براہ راست ایکس میں اپنی پوسٹس سے آمدنی حاصل کر سکیں گے۔
خطے کی صورتحال: وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار تعین کی منظوری دیدی
اس کے علاوہ ایک نیا ڈیش بورڈ اور شیئر ایبل سبسکرپشن کارڈز سمیت دیگر فیچرز بھی صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ کمپنی کا ماننا ہے کہ ان فیچرز کی مدد سے کریٹرز زیادہ افراد کی توجہ حاصل کر سکیں گے اور انہیں اضافی آمدنی بھی مل سکے گی۔
ایکسکلوسیو تھریڈز کے تحت صارفین ٹیزر پوسٹس بنا سکیں گے جو لوگوں میں سبسکرپشن کی حوصلہ افزائی کریں گی اور مکمل مواد صرف سبسکرائبرز کو ہی دستیاب ہو گا۔
واضح رہے کہ ایکس نے حال ہی میں پیڈ پارٹنر شپ لیبل نامی فیچر بھی متعارف کرایا تھا جو ان پوسٹس پر لاگو ہوتا ہے جن میں اسپانسر شدہ مواد شامل ہوتا ہے۔ ایکس میں کریٹر ریونیو شیئرنگ پروگرام 2023 میں عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت صارفین اپنی مقبول پوسٹس سے آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔