اوپن اے آئی نے اپنا نیا اے آئی ماڈل جی پی ٹی 5.2 متعارف کرا دیا
اوپن اے آئی نے اپنا نیا اے آئی ماڈل جی پی ٹی 5.2 متعارف کرا دیا
اوپن اے آئی نے ایک نیا مصنوعی ذہانت کا ماڈل جی پی ٹی 5.2 جاری کیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل کمپنی نے چیٹ جی پی ٹی 5.1 پیش کیا تھا، مگر اس نئے ماڈل کو متعارف کرانے کا مقصد گوگل جیمنائی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث پیدا ہونے والے خطرات میں کمی لانا ہے۔
کمپنی کے مطابق جی پی ٹی 5.2 ایک زیادہ قابلِ اعتماد ماڈل ہے جو طویل، پیچیدہ اور الجھے ہوئے کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی تسلیم کیا کہ عام افراد کو نئے ماڈل کی پیچیدہ صلاحیتوں سے زیادہ دلچسپی نہیں ہوتی، اس لیے ان کے لیے یہ جاننا کافی ہے کہ یہ روزمرہ کے کاموں میں بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا۔ چیٹ جی پی ٹی 5.2 انسٹنٹ، تھنکنگ اور پرو موڈز میں دستیاب ہوگا۔
سام آلٹمین نے ایکس پر بتایا کہ جی پی ٹی 5.2 اب چیٹ جی پی ٹی اور اے پی آئی میں موجود ہے اور اسے اس وقت دنیا کا سب سے اسمارٹ اے آئی ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ اوپن اے آئی کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق یہ نیا ماڈل کئی طرح کے کام بہترین طریقے سے مکمل کرسکتا ہے۔
افغانستان میں انسانی بحران میں شدت، خواتین کے حقوق پامال ہورہے ہیں: اقوام متحدہ
اس کی سوچنے کی صلاحیت پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں بہت بہتر ہے اور یہ پیچیدہ سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہیں مختلف حصوں میں تقسیم کرسکتا ہے، ان پر منصوبہ بندی کرسکتا ہے اور مسائل کو حل کرنے کے طریقے تجویز کرسکتا ہے۔ نئے ماڈل کی میموری بھی پہلے سے کہیں زیادہ بڑی ہے۔
اوپن اے آئی نے بتایا کہ جی پی ٹی 5.2 میں پورا پراجیکٹ فولڈر، طویل رپورٹ، قانونی معاہدے، سائنسی مقالے یا کوئی بھی دستاویز اپ لوڈ کی جاسکتی ہے۔ ماڈل ان تمام تفصیلات کو مسلسل ٹریک کرے گا اور یاد رکھے گا۔ میموری کی اس بہتری کی وجہ سے اب یہ چارٹس، ڈایاگرامز اور سافٹ ویئر کو بھی زیادہ بہتر انداز میں سمجھ سکے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا ماڈل پہلے کی نسبت زیادہ قابلِ اعتماد ہے اور اس میں غلطیوں کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ اگر غلطی ہو بھی جائے تو اسے درست کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
چیٹ جی پی ٹی 5.2 کو بتدریج چیٹ جی پی ٹی پلس، پرو، گو، بزنس اور انٹرپرائز سبسکرپشنز کے لیے متعارف کرایا جائے گا، جبکہ جی پی ٹی 5.1 تک رسائی آئندہ تین ماہ کے اندر ختم کردی جائے گی۔