واٹس ایپ کو ہمیشہ کیلئے بدل دینے والا فیچر متعارف ہونے کے قریب
ابھی تک واٹس ایپ اکاؤنٹس صارفین کے فون نمبروں سے منسلک ہوتے ہیں، مگر یہ نظام جلد تبدیل ہونے والا ہے۔ میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں یوزر نیم (Username) سپورٹ فراہم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس فیچر پر کافی عرصے سے کام جاری ہے، تاہم یہ ابھی تک بیٹا (Beta) ورژن میں بھی عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔ لیکن تازہ اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واٹس ایپ جلد ہی یہ فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے کیونکہ کمپنی نے یوزر نیم ریزرویشن سسٹم تشکیل دے دیا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق، کمپنی نے سیٹنگز میں ایک نیا آپشن شامل کیا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے پسندیدہ یوزر نیم کو فیچر کے اجرا سے قبل ہی ریزرو کرا سکیں گے۔
اگرچہ میٹا کی جانب سے اس فیچر کی باضابطہ تصدیق تاحال نہیں کی گئی، تاہم رپورٹ کے مطابق یہ بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
اس فیچر کے مکمل اجرا کے بعد صارفین واٹس ایپ کو فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی استعمال کر سکیں گے۔ پرانی رپورٹس کے مطابق، جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم تیار کرے گا تو اس کا فون نمبر دیگر افراد سے مخفی رہے گا، جس سے پرائیویسی اور سیکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یہ فیچر متعارف ہونے کے بعد واٹس ایپ کے استعمال کے طریقے میں بنیادی تبدیلی متوقع ہے۔ ہر صارف اپنے لیے ایک منفرد یوزر نیم بنا کر اسے دوستوں، اہلِ خانہ اور رابطوں میں استعمال کر سکے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صارفین اپنا یوزر نیم تبدیل بھی کر سکیں گے، جس سے انہیں اپنی پروفائل پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا۔