واٹس ایپ نے فراڈیوں کو پکڑنے والا فیچر لانچ کردیا، 68 لاکھ اکاؤنٹ پکڑے گئے

0

میٹا کے زیر انتظام واٹس ایپ نے سال 2025 کی پہلی ششماہی میں 68 لاکھ اکاؤنٹس بند کر دیے، جو کہ عالمی سطح پر منظم فراڈ نیٹ ورکس سے جڑے ہوئے تھے۔ کمپنی کے مطابق، یہ اکاؤنٹس خاص طور پر جنوب مشرقی ایشیا میں سرگرم جعل ساز گروہوں سے وابستہ تھے، جو لوگوں کو ’پرامڈ اسکیمز‘ اور جعلی سرمایہ کاری کے جھانسے دے کر دھوکہ دیتے تھے۔

 

واٹس ایپ نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ دھوکے باز افراد اکثر مالی طور پر پریشان حال لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں، اور ایسے ناقابل یقین سودے پیش کرتے ہیں جن کا مقصد لوگوں کی رقم یا ذاتی معلومات چوری کرنا ہوتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صرف شکایت موصول ہونے پر کارروائی نہیں کرتی بلکہ اب ایسے مشکوک اکاؤنٹس کو پہلے ہی مرحلے میں شناخت کرکے غیر فعال کر دیا جاتا ہے۔

 

عام طور پر ان فراڈز کی شروعات دوستانہ انداز میں بھیجے گئے کسی میسج سے ہوتی ہے، جو اکثر ڈیٹنگ ایپ یا عام ٹیکسٹ میسج کے ذریعے آتا ہے۔ پھر بات چیت کو واٹس ایپ، ٹیلیگرام یا کرپٹو ایپس جیسے دوسرے پلیٹ فارمز پر منتقل کر دیا جاتا ہے تاکہ دھوکہ دہی کی مکمل تصویر کسی ایک جگہ سامنے نہ آسکے۔

 

حال ہی میں میٹا، اوپن اے آئی اور واٹس ایپ نے کمبوڈیا میں موجود ایک بڑے فراڈ نیٹ ورک کا انکشاف کیا، جہاں فراڈیے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے صارفین کو واٹس ایپ پر راغب کرنے والے میسج تیار کرتے تھے۔ جیسے ہی متاثرہ شخص لنک پر کلک کرتا، اُسے ٹیلیگرام پر منتقل کیا جاتا جہاں اُسے ٹک ٹاک ویڈیوز کو ’لائیک‘ کرنے کی آفر کی جاتی، اور پھر ایک اسکوٹر کرائے پر لینے جیسی اسکیم میں پھنسا دیا جاتا۔ بالآخر، ان سے کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے نام پر رقم وصول کی جاتی۔

 

فراڈ کے ان نئے طریقوں سے بچاؤ کے لیے، واٹس ایپ نے کئی نئے حفاظتی فیچرز متعارف کرائے ہیں۔ اب اگر کسی اجنبی شخص کی جانب سے کسی گروپ میں شامل کیا جائے تو صارف کو گروپ کی مکمل تفصیلات دکھائی جائیں گی، اور بغیر چیٹ کھولے گروپ چھوڑنے کا اختیار بھی دیا جائے گا۔

 

ایک اور فیچر جس کی فی الحال آزمائش کی جا رہی ہے، صارفین کو اس وقت خبردار کرے گا جب وہ کسی ایسے شخص سے چیٹ کریں گے جو ان کے رابطہ فہرست میں موجود نہیں ہوگا۔ ایپ اس شخص کے بارے میں اضافی معلومات فراہم کرے گی تاکہ صارفین محفوظ فیصلے کر سکیں۔

 

میٹا نے سائبر سیکیورٹی ماہر رچل ٹوبیک کے ساتھ مل کر عوامی شعور بیدار کرنے کی مہم بھی شروع کی ہے۔ ان کا مشورہ ہے: "رکیں، سوال کریں اور تصدیق کریں” — خاص طور پر جب کوئی اجنبی پیسے کی پیشکش کرے یا یہ دعویٰ کرے کہ وہ آپ کا جاننے والا ہے اور مشکل میں ہے۔ ایسی صورت میں، بہتر ہے کہ کسی دوسرے پلیٹ فارم یا ذریعے سے اس کی شناخت کی تصدیق کی جائے۔

 

میٹا کا کہنا ہے کہ یہ فراڈیے صرف پریشان کن نہیں بلکہ انتہائی منظم، بے رحم اور بعض اوقات سنگین مجرمانہ سرگرمیوں جیسے جبری مشقت سے بھی منسلک ہوتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.