آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہوسکتا ہے! پی ٹی اے نے عوام کو خبردار کردیا
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوریئر کمپنیوں کے نام پر بھیجے جانے والے ویری فکیشن کوڈز سے متعلق مشتبہ پیغامات سے محتاط رہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بعض جعلساز کوریئر سروسز کے جعلی نمائندے بن کر صارفین کو پیغامات بھیج رہے ہیں، جن میں انہیں رقم کی ادائیگی یا پارسل کی ترسیل کے بہانے ذاتی اور حساس معلومات فراہم کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ ان مشکوک پیغامات کے ذریعے صارفین سے شناختی تفصیلات اور ویری فکیشن کوڈز مانگے جاتے ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر دھوکہ دہی یا دیگر مجرمانہ مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اکثر ان پیغامات میں صارفین کو کال کرنے یا فراہم کردہ لنک پر کلک کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے تاکہ ان کے اکاؤنٹس ہیک کیے جا سکیں۔
اتھارٹی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ کال، میسج یا لنک پر ہرگز ردعمل نہ دیں اور اپنے ویری فکیشن کوڈز یا دیگر ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ یہ پیغامات جعلی ہیں اور ان کا کسی بھی مستند کوریئر سروس یا ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل سکیورٹی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے محتاط رہیں اور ایسے کسی بھی مشکوک پیغام کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔