اینڈرائیڈ صارفین کیلئے گوگل کروم میں بہت بڑی تبدیلی کر دی گئی
اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل کروم ویب براؤزر میں ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

درحقیقت یہ فیچر اس ویب براؤزر کے ڈیزائن کو نمایاں حد تک تبدیل کر دے گا۔گوگل کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل کروم کے نئے ورژن میں صارفین کو جدید تجربہ فراہم کیا جائے گا اور اس کا استعمال موبائل ڈیوائسز پر زیادہ آسان ہو جائے گا۔اس فیچر سے صارفین ایڈریس بار کو اسکرین کے ٹاپ سے نیچے منتقل کر سکیں گے۔
یہ فیچر پہلے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے کروم براؤزر میں دستیاب تھا اور اب اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔اس نئے فیچر میں صارف کو آزادی ہوگی کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق ایڈریس بار کی لوکیشن کو سیٹ کرسکیں۔ایڈریس بار کو اسکرین پر ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے ایڈریس بار کو کچھ دیر تک دبا کر رکھیں جس کے بعد اسے نیچے منتقل کیا جاسکے گا۔
اسی طرح کروم کے سیٹنگز مینیو میں اس حوالے سے آپشن دیا جائے گا۔
