اویس قادر 111 ووٹ لیکر اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب
پیپلزپارٹی کے سید اویس قادر 111 ووٹ لے کر سندھ اسمبلی کے 12ویں اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے سندھی زبان میں حلف اٹھا لیا۔
سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے، اویس قادر شاہ نے 111 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کی مدمقابل ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے۔
جیسے ہی اویس قادر شاہ حلف اٹھانے کے لیے کھڑے ہوئے تو ایوان میں ’بھٹو زندہ باد‘ کے نعرے گونجنے لگے، اس کے بعد آغا سراج درانی نے ان سے سندھی زبان میں حلف لیا۔
سندھ اسمبلی میں آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری تھا، پہلے مرحلے میں اسپیکر کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا ہے۔اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرِصدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 11 بجے شروع ہوا، ایوان کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
جس کے بعد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب صوبائی اراکین، جو اب سنی اتحاد کونسل کے اراکین ہیں، نے سندھ اسمبلی میں حلف اٹھایا۔
اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان اسمبلی سے سے حلف لیا۔
گزشتہ روز صوبائی مقننہ کا افتتاحی اجلاس اور حلف برداری کی تقریب ہوئی لیکن یہ نومنتخب ارکان اجلاس کے دوران موجود نہیں تھے، آج سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے قبل ان سے حلف لیا گیا۔
جماعت اسلامی کے رہنما محمد فاروق نے بھی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے ساتھ حلف اٹھایا، اس دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آج کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
کوشش کریں گے کہ ایوان کو اچھے طریقے سے چلائیں، مراد علی شاہ
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج اسمبلی کا حلف اٹھانے والوں کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کے لئے کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری کے لئے ہم سب بہتر کردار ادا کریں گے، کوشش کریں گے کہ ایوان کو اچھے طریقے سے چلائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بہت مشکل دور سے گزر رہا ہے، انتخابی مہم کے دوران ہمارے 12 کارکنان شہید ہوئے، آنےوالی حکومتوں کےلیےدہشت گردوں سےمقابلہ بڑاچیلنج ہوگا۔