اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کے آٹھ سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مسرت اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں مزید محنت جاری رکھنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسی محنت اور عزم کے ساتھ کھیل کر آپ ورلڈ کپ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی اور ان کی تمام تر توجہ کھیل میں نمایاں کارکردگی کی جانب مرکوز ہونی چاہیے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مشکلات کا پہاڑ کھڑا کرے گا: مزمل اسلم
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی قومی ہاکی ٹیم کی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے احیاء اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کھیل قومی اتحاد، نظم و ضبط اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ہاکی اور فٹبال جیسے عوامی کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ محنت کش طبقے اور عام لوگوں کے کھیل ہیں جنہیں ملک بھر میں مزید آگے بڑھایا جانا چاہیے۔