لاہور: پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بیوگان اور یتیم بچوں کے لیے رحمت کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بیوگان اور یتیم بچوں کے لیے رحمت کارڈ کی منظوری دی گئی۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ مستحق خاندانوں کو ایک لاکھ روپے تک براہ راست مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں 2 سابق کپتانوں کی شمولیت
رحمت کارڈ کے تحت بیوگان کو ایک لاکھ روپے جبکہ یتیم بچوں کو پچیس پچیس ہزار روپے دیے جائیں گے۔ یہ کارڈ پہلے مرحلے میں 50 ہزار سے زائد بے آسرا گھرانوں کی معاشی ڈھال بنے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ پروجیکٹ کا آغاز عید الفطر کے فوراً بعد ہو گا۔ اس کارڈ کے حصول کے لیے موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل، کال سینٹر اور زکوٰۃ آفس سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بیوہ اب محتاج نہیں بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیوہ کو خیرات نہیں بلکہ باوقار طریقے سے اس کا حق دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے وسائل پر ہر فرد کا پورا حق ہے اور حقدار تک حق پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔