اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث فضائی بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور گزشتہ پانچ روز کے دوران 8 ممالک کی منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے آج مسلسل چھٹے روز بھی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں متاثر رہیں اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
آبنائے ہرمز سے ایک بوند تیل نہیں جانے دیں گے: ایرانی پاسداران انقلاب
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے مشرق وسطیٰ کے لیے 35، لاہور سے 29، ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12 اور فیصل آباد سے 6 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئیں۔ اس کے علاوہ کوئٹہ سے مشرق وسطیٰ کے لیے 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے پیش نظر دبئی، ابوظبی اور شارجہ ایئرپورٹس سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق حملوں کے باعث ریاض اور دمام کا فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا، جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ جبکہ 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
علاوہ ازیں دبئی، ابوظبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت خطے کے کئی ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔ کویت اور دوحہ سے گزشتہ پانچ روز کے دوران ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہو سکی۔
فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215، بیروت کی 58، حیفا کی 25 اور تل ابیب کی 380 پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔