پشاور: تحریک انصاف کی صوبائی حکومت 15 رمضان گزرنے کے باوجود مستحق افراد میں رمضان سپورٹ پیکج کی امدادی رقم تقسیم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی نے صوبے میں 10 لاکھ 34 ہزار افراد کو فی کس 12 ہزار 500 روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز جاری کرنے کے باوجود ابھی تک مستحق افراد میں رقم تقسیم نہیں ہو سکی۔
چین کا ثالثی کیلئے اپنا نمائندہ خصوصی مشرق وسطیٰ بھیجنے کا اعلان
دوسری جانب اپوزیشن الزام لگا رہی ہے کہ سرکاری فنڈز تحریک انصاف کے کارکنوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں جس کے لیے فہرستیں منتخب اراکین اور تحریک انصاف کے عہدیدار مرتب کر رہے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبائی کابینہ نے 11 فروری 2026 کے اجلاس میں رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری دی تھی۔ اس کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 12 ارب 83 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ محکمہ خزانہ نے 10 ارب روپے بطور گرانٹ ان ایڈ اور 2 ارب 83 کروڑ 19 لاکھ 74 ہزار روپے بطور سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔
ادھر وزیر اعلیٰ کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز بروقت جاری کیے گئے اور ادائیگیوں میں تاخیر صرف انتظامی ڈیٹا انٹری کی سست روی کے باعث ہوئی ہے۔