بھکر میں داجل چیک پوسٹ پر افطار کے وقت ہونے والے خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ حملہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے دریا کے پل پر قائم چیک پوسٹ پر ہوا جس کی تصدیق ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے کی۔
ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان کے مطابق حملے میں دو پولیس اہلکار فہیم اور شہباز شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال بھکر منتقل کیا گیا۔ حملے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور سکیورٹی اداروں نے علاقے میں تحقیقات شروع کر دیں۔
وزیراعظم کی ملاقات، امیر قطر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی
پنجاب پولیس کے اہلکاروں پر حملہ اس وقت ہوا جب وہ افطار کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھے۔ پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ زخمی کانسٹیبل ارشد کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اسپتال میں ہنگامی صورتحال برقرار رکھی گئی ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق حملے کے ذمہ داروں تک پہنچنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب نے شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب پولیس فتنہ خوارج اور دہشت گردی کے خلاف اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔