کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت سے کمی کوتاہیاں ہوئی ہوں گی مگر نیت بالکل ٹھیک ہے۔
شرجیل میمن نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبے کا دورہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہر بات میں سیاست کرنا اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ یونیورسٹی روڈ کو کلیئر کریں، اس پروجیکٹ کی مالیت بڑھ گئی ہے اسے بند کریں۔ تمام چیلنجز کے باوجود اس پروجیکٹ پر کام جاری رکھا گیا، اس پروجیکٹ کا جو کام رکا تھا وہ انتظامی معاملات کی وجہ سے تھا۔
کیا آپ ’’سستی الیکٹرک موٹر سائیکل‘‘ لینے کے اہل ہیں؟ سکیم کی تفصیلات جانیں
سینئر وزیر نے کہا کہ عید سے پہلے یونیورسٹی روڈ کی سائیڈ کی سڑکوں پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، مقصد عوام کو سہولت دینا ہے۔ اس وقت کراچی میں بڑی تعداد میں میگا پروجیکٹ چل رہے ہیں، حکومت سندھ کی انتظامیہ اور میئر کراچی بھی دن رات کام کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کو ختم کرنے کی باتیں کی جا رہی تھیں، یہ پروجیکٹ اگلی نسلوں کے کام آئے گا، ہمیں لوگوں کو ایسے پروجیکٹس دینے ہیں جس سے انہیں سہولت ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسٹمز نے پنجاب حکومت کو ایک فیصد اور ہمیں 17 سے 18 فیصد چارج کیا، ابھی بھی ہماری بسیں کسٹمز میں پھنسی ہوئی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ دونوں صوبوں کے ساتھ ایک جیسا رویہ ہونا چاہیے۔
سینئر وزیر کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق کہنا تھا کہ ان کی لمبی عمر کے لیے دعاگو ہوں، جہاں تک رہائی کی بات ہے تو رہائی ان کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حواری اداروں کو نشانہ بناتے ہیں، اگر یہ لوگ اپنے الفاظ کا چناؤ بہتر کریں تو معاملات میں بہتری آئے گی۔