رمضان کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں کل پہلا روزہ ہوگا

رمضان کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں کل پہلا روزہ ہوگا

0

پشاور: رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور کل 19 فروری کو پاکستان میں پہلا روزہ ہوگا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری کے لیے اربوں روپے کے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا

اجلاس میں ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین شریک ہوئے۔

پشاور کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔

ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عتیق اللہ کے مطابق چاند دیکھنے کی پانچ شہادتیں سب سے پہلے اپر دیر سے موصول ہوئیں جبکہ ضلع مہمند سے بھی چھ شہادتیں زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو موصول ہوئیں۔

مفتی عتیق اللہ کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو مجموعی طور پر 40 شہادتیں موصول ہوئیں۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کا چاند دیکھا گیا ہے اور کل بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگی۔

انہوں نے اہل وطن کو رمضان کی آمد کی مبارک باد دی، ماہ رمضان کے احترام کی تلقین کی اور اپیل کی کہ پاکستان اور عالم اسلام کے لیے دعا کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دشمن چالاک اور عیار ہے اور وہ کسی بھی موقع کو ضائع نہیں کرتا تاکہ پاکستان میں انتشار اور فساد پیدا کیا جا سکے، تاہم اللہ کے فضل سے حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج ان کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے وہ وقت بھی دکھایا جب مئی کے مہینے میں غرور میں مبتلا بھارت کو معرکہ حق میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج بہادری سے دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہیں، ملک میں اتحاد اور وحدت کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے اور وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 12 اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات پیش آئے، باجوڑ میں لوگ شہید ہوئے اور اسلام آباد میں ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا، جبکہ 10 ہزار سے زائد علماء کرام خودکش حملوں اور انتہا پسندی کو حرام قرار دے چکے ہیں۔

اجلاس سے قبل مولانا عبدالخبیر آزاد نے عوام سے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان شاء اللہ اس سال بھی ملک بھر میں ایک ساتھ رمضان کا آغاز ہوگا۔

دوسری جانب بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں بھی کل 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.