اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا میں واقع بینک الفلاح کی برانچ میں مسلح ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے سے زائد رقم لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تین مسلح افراد بینک کے مرکزی دروازے پر آئے اور دستک دی۔ سکیورٹی گارڈ کی جانب سے دروازہ کھولے جانے پر ملزمان بینک کے اندر داخل ہو گئے اور عملے کو یرغمال بنا کر نقد رقم لوٹ لی۔ واقعے کی اطلاع بینک کنٹرول کی ہیلپ لائن کال کے ذریعے ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق لوٹی گئی رقم 50 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مزید چھان بین کے بعد رقم میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔