اسلام آباد: ریڈ زون میں مبینہ ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے پی ٹی آئی کے دو اراکینِ قومی اسمبلی اور چار اراکینِ صوبائی اسمبلی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں ایم این اے شفقت اعوان اور ایم این اے عمر اسلم شامل ہیں، جبکہ ایم پی ایز رفت شاہ، سرفراز ڈوگر، ملک اسد اور طیب راشد بھی حراست میں لے لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی، اقدامِ قتل سمیت مجموعی طور پر 11 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ان پر ہنگامہ آرائی، پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، اسلحہ چھیننے، سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان کی کارروائیوں سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔