وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گجرات یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ وہاں کے بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار اور دماغ میں گالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 سال کے بعد بھی لوگوں کو ترقی کا اندازہ نہیں ہے اور وہاں کے بچے پتھر کے زمانے میں رہتے ہیں، جب کہ پنجاب کے بچے لاکھوں کی تعداد میں تکنیکی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے خیبرپختونخوا کے بچوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ انہیں تعلیم اور ترقی کی طرف دیکھنا چاہیے۔
سپریم کورٹ میں پھانسی ،عمرقید کے کیسز آئندہ 45 روز میں نمٹانے کا ہدف مقرر
وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے وضاحت کی کہ جیل میں انہیں تمام ضروری سہولیات، ڈاکٹرز اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ عمران خان کو کھانا یا علاج نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ذاتیات کو اٹھا کر باہر نہیں پھینکنا چاہیے بلکہ اختلاف پالیسی، پرفارمنس اور خدمت پر ہونا چاہیے۔
مریم نواز نے پنجاب کے بچوں کی کامیابی اور مستقبل کے حوالے سے کہا کہ پنجاب آگے بڑھ رہا ہے، ہر بیٹے اور بیٹی کا مستقبل روشن ہے اور تمام وسائل بچوں کی فلاح کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ انہوں نے جین زی کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جشن ایک ماں کی خوشی ہے جو اپنے بچوں کی کامیابی پر مناتی ہے۔
انہوں نے اپنے والد کی بیماری اور والدہ کے انتقال کے حوالے سے بتایا کہ جب والد جیل میں تھے تو ان کی بیماری کا مذاق اڑایا گیا اور والدہ کی وفات کی خبر بھی جیل میں سنی، لیکن انہوں نے کبھی کسی سہولت کو محدود یا روکنے کی ہدایت نہیں دی۔ مریم نواز نے کہا کہ اقتدار وقتی چیز ہے اور عوام اور اللہ کے سامنے جوابدہ رہنا ضروری ہے۔