کراچی: صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔
ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہر پاکستانی پر اثرانداز ہوتا ہے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات میں براہِ راست اضافہ کرتا ہے، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف آسٹریا کے دو روزہ دورے پر ویانا پہنچ گئے
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں اور حکومت مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی۔
ملک شہزاد اعوان نے یاد دہانی کرائی کہ پہلے کی گئی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات کے کیے گئے معاہدوں پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا، اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر ٹرانسپورٹ کے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وعدوں پر فوری عمل نہ کیا گیا تو ایک بار پھر ملک گیر پرامن ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہڑتال کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔