پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پارٹی کی نشست چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کا موقع نہ ملنے پر جنید اکبر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد نہ وہ کسی پارلیمانی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، نہ پارلیمانی لیڈر کو مانیں گے اور نہ ہی چیف وہپ کو تسلیم کریں گے۔
برطانیہ کا اسرائیل سے مغربی کنارے پر کنٹرول کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ رمضان کے بعد اور بجٹ کے موقع پر ہی فلور پر بات کرنے کا موقع دیا گیا، جبکہ ہر معاملے پر روزانہ چند مخصوص افراد کو بولنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ چیف وہپ کون ہوتا ہے جو روزانہ فیصلے کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری شرافت کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے اور میرے اپنے لوگ درباری بنے ہوئے ہیں، یہ لوگ مجھے آگے نہیں آنے دینا چاہتے کیونکہ میں سخت بات کرتا ہوں۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھیں گے اور درخواست کریں گے کہ انہیں پی ٹی آئی سے الگ نشست دی جائے۔