نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے فتنۃ الہندوستان کا بیانیہ پھیلانے والے ایک سرکاری ملازم کو گرفتار کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم ظفر اقبال ریڈیو پاکستان میں نائب قاصد کے طور پر تعینات تھا، جسے اندرونی انکوائری کے بعد ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
لاہور ٹریفک پولیس 14 فروری سے نیا یونیفارم پہنے گی، وزیراعلیٰ نے منظوری دیدی
ترجمان این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے فیس بک پر کالعدم تنظیم بی ایل اے کی حمایت میں 13 اشتعال انگیز پوسٹس شیئر کیں۔ ترجمان کے مطابق ملزم نے این آئی آر سی سے اسٹے آرڈر بھی لے رکھا تھا، جبکہ اس کے خلاف کارروائی پیکا ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی۔
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق عدالت نے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پہلے ریڈیو پاکستان کوئٹہ میں نائب قاصد کے طور پر فرائض انجام دے رہا تھا، دہشت گردوں سے ممکنہ روابط کے شبے پر اس کے خلاف انکوائری کی گئی۔ ملزم پر سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال انگیز اور ریاست مخالف مواد پھیلانے کا الزام ہے۔
عدالت نے ملزم کے ڈیجیٹل ڈیوائسز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو تجزیے کے لیے تحویل میں لینے کی بھی اجازت دے دی ہے۔