سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے حملوں کو بروقت کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 37 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
بلوچستان میں کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 37 دہشتگرد جہنم واصل ، 10 جوان شہید
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خدشات کے پیشِ نظر سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں نے مؤثر حکمتِ عملی کے تحت فوری اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں تمام منصوبہ بند حملے ناکام بنا دیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری ان آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم مختلف مقابلوں میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 اہلکار شہید بھی ہوئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کا تعاقب تاحال جاری ہے اور کارروائیوں کے دوران مزید دہشتگردوں کے مارے جانے اور نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔