بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی اور پاک–آسٹریا انسٹی ٹیوٹ کے درمیان تعاون پر غور
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ہری پور میں قائم پاک–آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہنرمندی کی تربیت اور ترقی کے ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا،
ادارے کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد اور سینئر مینجمنٹ نے ان کا استقبال کیا اور تعلیمی ڈھانچے، جدید تربیتی سہولیات اور صنعت سے ہم آہنگ ماڈل پر بریفنگ دی، چیئرپرسن نے لیبارٹریز اور ہاسٹلز سمیت مختلف سہولیات کا دورہ کرتے ہوئے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے مؤثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر قومی اثاثہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ہنرمندی وقار، خود انحصاری اور پائیدار روزگار کی بنیاد ہے،
اس موقع پر بتایا گیا کہ ادارہ ہاسپٹیلٹی، صحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں بارہ تربیتی اور چار ڈپلومہ پروگرامز پیش کر رہا ہے جو سٹی اینڈ گلڈز برطانیہ سے تصدیق شدہ ہیں اور جن میں زبان اور سافٹ اسکلز شامل ہیں، اجلاس میں دونوں اداروں نے بینظیر ہنرمند پروگرام کے مستفید افراد کے لیے خصوصی تربیتی کورسز تیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی خیبرپختونخوا اور پروگرام ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے۔