صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوانوں سے وابستہ ہے۔
عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوان تعلیم کی مشترکہ تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ تعلیم محض معلومات کا حصول نہیں بلکہ تجسس، صلاحیت اور کردار کی تعمیر کا ذریعہ ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 25 اے مفت اور لازمی تعلیم کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
کراچی ایئرپورٹ سے جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر ترکی جانے والا مسافر گرفتار
صدر مملکت نے کہا کہ جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق تعلیم میں ڈیجیٹل خواندگی اور عملی مہارتوں کا فروغ ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے مساوی تعلیمی مواقع ضروری ہیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ تعلیم قومی ترجیح ہے اور نوجوانوں کو شراکت دار بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔