سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے صوبہ سندھ میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جامع انفورسمنٹ ڈرائیو شروع کر دی ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر صوبے کے تمام ریجنز میں رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور غیر مطابقت کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پاکستان کی بورڈ آف پیس میں شمولیت کیوں اہم ہے؟
ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں 35 عمارتوں کا معائنہ مکمل کیا جا چکا ہے، جس میں فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹس، فائر الارم سسٹمز اور مجموعی ایمرجنسی تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جہاں فائر سیفٹی کے انتظامات ناکارہ یا غیر فعال پائے گئے، وہاں بلڈنگ اونرز اور مینجمنٹ کو اصلاحی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں اور مقررہ مدت میں اقدامات نہ کرنے کی صورت میں عمارتیں سیل کرنے سمیت سخت کارروائی کی جائے گی۔
مزمل حسین ہالیپوٹو نے کہا کہ فائر سیفٹی کو یقینی بنانا بلڈرز، بلڈنگ اونرز اور یونینز کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سروے میں شامل 266 عمارتوں سمیت دیگر اہم عمارتوں کو بھی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ ایس بی سی اے صوبہ بھر میں فائر سیفٹی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایم سی اور سول ڈیفنس کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور معائنوں اور قانونی کارروائی کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔