اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران احمد خان نیازی آج بھی پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انہیں اطلاع دی گئی ہے کہ آج یا کل اپوزیشن لیڈر سینیٹ کے عہدے کے لیے بھی نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے دو رہنماؤں کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا تھا، اس لیے دونوں کا نوٹیفکیشن ہو جانا بہتر ہوگا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اللہ کا انعام ہیں، وہ انتہائی ایماندار انسان ہیں:گورنر پنجاب
صحافی کے سوال پر کہ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن نواز شریف کے کہنے پر ہوا ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن اسپیکر کی صوابدید پر ہے جو انہوں نے کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ہو، جس نے بھی کروایا بہتر ہوا۔ میرے خیال میں نوٹیفکیشن اسپیکر قومی اسمبلی نے کیا اور ہم ان کے مشکور ہیں۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاسوں میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن کی حیثیت تبدیل ہوئی ہے، اور 26ویں آئینی ترمیم پر شدید تحفظات کی وجہ سے وہ پہلے بھی جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شامل نہیں ہونا چاہتے تھے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ جو بھی ججز آئیں، وہ اس طریقہ کار کا حصہ بن کر اپنا موقف پیش کر سکیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم اور نئی عدالت کے قیام کے بعد سے اب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔ جب ملاقات ہوگی تو ان سے گفت و شنید کے بعد آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دیگر کمیٹیوں کے اجلاسوں کا بائیکاٹ کیا گیا، اسی طرح جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں بھی نہیں گئے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کا حتمی فیصلہ کریں گے۔