وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی سربراہی میں ایک امریکی وفد نے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات کے دوران بارڈر مینجمنٹ، سیکیورٹی تعاون اور امریکی اداروں کے ساتھ جاری اشتراک کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں ہر سطح پر پاک امریکہ تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔
کرکٹ میں نئی تاریخ رقم، 231 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ بیرون ملک جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے جدید سافٹ ویئر استعمال کیا جائے گا جبکہ بارڈر سیکیورٹی، کوسٹل گارڈز اور دیگر اداروں کو جدید امریکی آلات سے لیس کیا جائے گا تاکہ ان اداروں کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہو سکے۔ محسن نقوی نے ایف آئی اے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی صلاحیتیں بڑھانے میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کو فعال بنانے کے لیے امریکی معاونت انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ وفاقی سطح پر پہلا اینٹی ٹیررسٹ ونگ ہوگا جو صوبوں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن قائم رکھے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ این سی سی آئی اے ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کر رہی ہے اور مالیاتی فراڈ و دہشت گردی کی فنڈنگ کی روک تھام کے لیے جدید سافٹ ویئر کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے امریکہ کے ساتھ اشتراک ناگزیر ہے۔ امریکی وفد نے سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے وزارت داخلہ اور امریکی اداروں کے درمیان جاری تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اشتراک بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔