پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے اہم عہدوں پر ہونے والے انتخابات میں احسن بھون گروپ کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ انتخابی نتائج کے مطابق احسن بھون گروپ سے تعلق رکھنے والے خواجہ قیصر 56 ووٹ حاصل کر کے پنجاب بار کونسل کے نئے وائس چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں، جبکہ ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے امیدوار عمران حسین چھٹہ صرف 18 ووٹ حاصل کر سکے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
پی ٹی اے کا اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے اہم فیصلہ
اسی طرح چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کی نشست پر بھی احسن بھون گروپ کے امیدوار فخر حیات کامیاب قرار پائے ہیں۔ پنجاب بار کونسل کے ان دونوں عہدوں پر انتخاب کے لیے مجموعی طور پر پنجاب بار کے 75 ممبران نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، جس کے نتیجے میں منتخب ہونے والے دونوں عہدیداران اگلے چھ ماہ کے لیے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس کامیابی کے بعد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے احسن بھون گروپ سے تعلق رکھنے والے نو منتخب عہدیداروں کو ان کی جیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ان انتخابات میں احسن بھون گروپ کی واضح برتری نے بار کونسل کی سیاست میں ان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔