وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے یونیورسٹی آف لندن کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے تعلیمی شعبے میں اس ادارے کے کردار کو سراہا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو نئی جہت دی ہے اور اس کی دہائیوں پر محیط وابستگی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی تحقیق و ترقی پر توجہ اور آؤٹ ریچ پروگرام نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کے تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
بلوچستان کی زرعی صلاحیت نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کو قومی ترقی کے لیے مرکزی حیثیت قرار دیا اور واضح کیا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری کوئی خرچ نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ملک میں نافذ تعلیمی ایمرجنسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح لڑکیوں اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے، کیونکہ آج بھی لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی اے آئی پالیسی 2025 نوجوانوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ڈیجیٹل مستقبل کو اپنا رہا ہے اور عالمی تعلیمی تعاون کے ذریعے ملکی تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کیا جائے گا۔