پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے بیان کو پارٹی مؤقف کے خلاف قرار دے دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے بھیک مانگنے کی نوبت آچکی ہے اور اس میں دوسروں کے ساتھ اپنوں کا بھی ہاتھ ہے۔ بیرسٹر گوہر کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی سطح پر اس بیان کی تردید کی جا چکی ہے۔
بلوچستان میں 144 نافذ، اسلحہ کی نمائش، گاڑیوں کے کالے شیشوں پر پابندی عائد
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بیرسٹر گوہر نے جلدبازی میں بات کر دی، ہم کسی حوالے سے بھیک نہیں مانگ رہے اور بھیک کا لفظ بالکل غیر مناسب تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی سے کوئی ایسی غلطی نہیں ہوئی جسے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں نہ کرانے کا جواز بنایا جا سکے۔
سلمان اکرم راجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت سے بات تبھی ہوگی جب بانی پی ٹی آئی پر سے ناجائز قدغنیں ہٹا دی جائیں گی۔ ان کے مطابق پارٹی اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے حوالے سے کسی قسم کی کمزوری کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔