بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں 31 جنوری تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس پابندی کے دوران صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اور گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
وینزویلا نے درست رویہ اختیار نہ کیا تو امریکا دوسرا حملہ بھی کرے گا: ٹرمپ کی دھمکی
مزید برآں، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت، چار سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے، کسی بھی قسم کے جلوس یا ریلیاں نکالنے اور عوامی مقامات پر چہروں کو چھپانے کے لیے مفلر یا ماسک کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی دفعات کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ داخلہ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دفعہ 144 کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد کی رپورٹ باقاعدگی سے ارسال کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔