وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک بھر کے تمام زونل دفاتر میں پر ڈیپارچر فیسلی ٹیشن ڈیسک قائم کر دیے ہیں، جن پر عمل درآمد فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔ ان ڈیسکوں کا مقصد بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کو امیگریشن کے عمل میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق یہ ڈیسک مسافروں کو امیگریشن کے طریقہ کار، کلیئرنس اور متعلقہ قانونی امور کے بارے میں بروقت رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ سفر کے دوران غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے۔
اسلام آباد میں بڑی کارروائی؛ ویزا فراڈ نیٹ ورک بے نقاب
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ان ڈیسکوں کے قیام سے مسافروں کے لیے سفر کا عمل زیادہ ہموار، منظم اور کم پریشانی والا ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کا عملہ مسافروں کی شکایات اور سوالات کے ازالے کے لیے ذاتی طور پر قابل رسائی ہوگا۔ وزیر داخلہ کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائنز اور ای میل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ روانگی سے قبل یا اس کے دوران کسی بھی مسئلے پر فوری رہنمائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پر ڈیپارچر فیسلی ٹیشن ڈیسک سے متعلق تمام تفصیلات ہوائی اڈوں، سرحدی مقامات اور ایف آئی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی تاکہ مسافر باآسانی معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں۔