غیر قانونی مائننگ اسکینڈل میں گرفتار ٹھیکیدار زرگل کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ دوران سماعت سینئر پراسیکوٹر نیب حبیب اللہ بیگ اور تفتیشی افسر ایس پی عنایت اللہ پیش ہوئے۔ احتساب جج حامد مغل نے ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔
شکرگڑھ کے مچھیرے نے دریائے راوی سے 102کلو وزنی مچھلی پکڑ لی
نیب پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم زرگل خان ٹھیکیدار ہے جس نے دیگر ساتھیوں سے مل کر کاکول کے گزارہ جنگلات میں غیر قانونی مائننگ کی اور اس عمل کے پیچھے ملزم کا مرکزی کردار ہے۔ نیب پراسیکوٹر نے بتایا کہ ملزم نے 2010 سے جولائی 2025 تک ایک لاکھ 41 ہزار 869 میٹرک ٹن فاسفیٹ نکالا، جس سے قومی خزانے کو 643.700 ملین روپے نقصان پہنچا ہے۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
ملزم کے نام پر ایبٹ آباد میں مختلف آٹھ جگہوں پر پلاٹس اور تین قیمتی گاڑیاں رجسٹرڈ نکلی ہیں، جس کی بنا پر ملزم کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کارروائی ہو رہی ہے۔ تفتیشی افسر کی جانب سے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔