سابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر پیش آنے والے کار حادثے میں ایک مقامی پیڈیاٹریشن جاں بحق ہوئیں، جن کی شناخت 75 سالہ فائقہ آفتاب قریشی کے نام سے ہوئی ہے۔ ورجینیا پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فائقہ قریشی کی کار سڑک کنارے لگی باڑ سے ٹکرائی جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور کار میں سوار خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
پاکستان نے بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کو براہ راست پروازوں کی اجازت دیدی
ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں بچوں کے ‘دی کنگز ڈاٹر اسپتال’ میں بطور فزیشن اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ طویل عرصے تک ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہی تھیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر فائقہ کا بچوں اور خاندانوں کے ساتھ گہرا لگاؤ اور مستقبل کے ڈاکٹروں کی تربیت کے لیے ان کی کوششوں نے دور رس اثرات مرتب کیے۔
اس کے علاوہ کنگز ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق ایئر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ کنگز ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ تھیں، انہوں نے 1973 میں وہاں سے گریجویشن مکمل کیا تھا اور وہ میڈیکل یونیورسٹی میں بطور استاد بھی اپنی خدمات پیش کرتی رہی تھیں۔