اسلام آباد: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی بی شہید نے پاکستان میں جمہوریت، عوامی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور اپنی پوری زندگی غریب و محروم طبقات کی آواز بن کر جدوجہد کرتی رہیں۔
برسی کے موقع پر بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہید محترمہ کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی کے افسران و ملازمین نے شرکت کی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاست کا محور ہمیشہ پسے ہوئے، کمزور اور نظرانداز طبقات رہے۔ انہی کے وژن کے تسلسل میں آج بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی خواتین کی معاشی خود مختاری، ڈیجیٹل اور مالی نظام میں شمولیت کا دنیا کا سب سے بڑا سماجی تحفظ پروگرام بن چکا ہے، جسے شفافیت اور مؤثر نظام کی بنیاد پر بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ مزید برآں، شہید محترمہ کے وژن کے تحت بینظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے مستحق افراد کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کر کے ان کی زندگیوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طرح بہادر بنیں، اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور ہر قسم کی ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے عوام کی فلاح، خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔