اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش کو دوغلا پن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے حکومتی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا رویہ سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشگی شرائط کے ساتھ مذاکرات کی بات سنجیدگی پر مبنی نہیں ہوتی۔
ایمان، اتحاد اور نظم قائداعظم کے اصول آج بھی رہنمائی فراہم کرتے ہیں، مسلح افواج
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی موجودہ سیاسی اور آئینی بحرانوں کا حل چاہتی ہے تو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے بات چیت کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے رابطہ کرنا چاہیے کیونکہ یہی شخصیات اس وقت وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ ان کی جماعت کسی بھی صورت موجودہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شامل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش متضاد مؤقف اور دوغلے پن پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی خود بھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں اور وہ اس سے قبل بھی متعدد بار پی ٹی آئی قیادت کو بات چیت کی دعوت دے چکے ہیں۔