کراچی: حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے بعد دس دن سے جاری ہڑتال ختم ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے گلبائی ٹرک اڈے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مختلف امور پر لچک دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی تحریری معاہدے کا نوٹیفکیشن آئے گا، ہڑتال ختم کر دی جائے گی۔
بھیک مانگنے پر مختلف ممالک سے ہزاروں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیے جانے کا انکشاف
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ان کے مطالبات ماننے کی حامی بھری تھی، مگر تحریری معاہدے تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ٹرانسپورٹرز ذرائع کے مطابق ہڑتال ختم کرنے کا اعلان جلد کیا جائے گا اور یہ اعلان معاہدے پر دستخط کے بعد ہاکس بے ٹرک اڈے پر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال کی وجہ سے صنعتوں تک خام مال کی ترسیل معطل ہو گئی تھی۔ آئرن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حماد پوناوالا نے بتایا تھا کہ اس ہڑتال سے صنعتوں کے بند ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا اور لوہے کے تاجروں سمیت امپورٹرز کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔