بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں نے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے اور ان کے بھائی سلیمان نے اپنے ویزے کے لیے درخواست دی ہے اور وہ دونوں جنوری میں پاکستان جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
سمندر پار پاکستانیوں کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ، وزیراعظم نے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی
قاسم اور سلیمان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے عمران خان سے ملنے کی اجازت لینے کے لیے پاکستانی حکومت سے بات کی کوشش کی، جبکہ چند ماہ قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ وہ آ کر عمران خان سے مل سکتے ہیں۔ اس پر قاسم نے جواب دیا کہ انہوں نے کھل کر کہا ہے، لہٰذا جب تک وہ اپنی بات پر قائم ہیں تو ہمیں امید ہے کہ جنوری میں جانا چاہیے۔
ایک سوال پر کہ وہ عمران خان کو دیکھ کر ان سے کیا بات کریں گے اور کیا وہ ان سے "کسی ڈیل” پر غور کرنے کا کہیں گے، قاسم نے جواب دیا کہ جو بات آپ کو سمجھنی چاہیے وہ ان کی زندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اسے اپنی زندگی کا مقصد کہتے ہیں کہ پاکستان کو بدعنوانی سے نجات دلائیں۔
قاسم نے مزید کہا کہ اگر وہ ابھی ڈیل کر کے ہمارے پاس آئے اور انگلینڈ میں رہیں، تو میں جانتا ہوں کہ ان کو یہ تکلیف ہو گی کہ انہوں نے اپنا ملک برباد ہونے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ وہ ڈپریشن میں چلے جائیں گے۔